Pages

Sunday, 27 November 2016

Apricot healthy fruit decorated with delicious sweet flavor

خوبانی مزیدار شیریں ذائقے سے سجا صحت بخش پھل


آپ نے یہ مقولہ تو بار ہاسنا ہوگا کہ ایک سبب روزانہ آپ کو ڈاکٹر سے دوررکھتا ہے لیکن کیا آپ اس حقیقت سے بھی واقف ہیں کہ چند خوبانیاں روزانہ کھانے سے آپ تمام بیماریوں کو خود سے دور کر سکتے ہیں‘ اس شیریں وذائقے دار پھل میں موجود فائبر کی زائد مقدار آپ کو قبض جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھتی ہے۔ یہ آپ کے نظام انہضام کو بہتر بناتا اور آنتوں کو صاف کرتا ہے ۔ علاوہ ازیں یہ اپنے اندر پوٹاشیم (Potassium) کی کثیر مقدار رکھتا ہے جو آپ کے بڑھے ہوئے بلڈپریشر ک کنٹرول میں لے آتا ہے اور ان سب سے قطع نظر خوبانی میں موجود بیٹا کیروٹین جلد کی تانبا کی میں اضافہ کرنے بالوں کو صحت مند بنانے اور آنکھوں کے امراض کاسدباب کرنے کے ساتھ ساتھ کینسرجیسے موذی مرض سے بھی محفوظ رکھنے میں اہم کردارادا کرتا ہے (اس کی ایک مثال ہمیں گلگت میں ملتی ہے جہاں کے لوگ سارا سال خوبانی کو اپنی غذامیں شامل رکھتے ہیں حتیٰ کہ اسے سکھا کر اچار اور چٹنی کے طور پر بھی استعمال کرتے ہیں اور ان علاقوں میں ابھی تک سرطان کی کوئی شکایت نہیں ہے )۔
اس مزے دار پھل میں حیاتین اور معدنی نمکیات کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں ۔ کیروٹینائڈز اور وٹامن Aجیسے حیاتین سے بھرپور خوبانی کو اگر باقاعدگی سے کھایا جائے تو یہ آپ کو عمر سے رابطہ رکھنے والے امراض چشم سے محفوظ رکھنے اور بصارت کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے ۔
علاوہ ازیں اس میں آئرن (Iron) اور کاپر (Copper) بھی کثیر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو جسم میں خون کے سرخ خلیات کی تشکیل کرنے والے نظام کی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہیں یعنی جسم میں ہیموگلوبن بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں ‘ خوبانی میں موجود وٹامن Cآپ کے مدافعاتی نظام کو مضبوط بناتا ہے ۔
اس چھوٹے سے مزیدار اور منفرد پھل کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں موجودقدرتی شکر آپ کے میٹھا کھانے کی اشتہار کو بھی بخوبی پورا کردیتی ہے اور آپ وزن بڑھ جانے کے خوف میں بھی مبتلا نہیں ہوتیں کیونکہ یہ ایک لوکیلوری پھل ہے ا س لیے آپ جسم پرچربی کی دبیزتہہ چڑھ جانے سے بھی خود کو محفوظ ومامون بنالیتی ہیں ۔
اس غذائیت بخش فروٹ کواستعمال کرکے آپ جلد کے متعدد عوارض اور پٹھوں کے کھنچاؤ جیسے مسائل کو باآسانی خود سے دور بھگاسکتی ہیں اس کے علاوہ اس پھل میں موجود لائیکوپین آپ کو کینسر جیسے خطرناک اور موذی مرض سے بھی تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
خوبانی کے سیزن میں اپنے اندر صحت بخشی کی لامحدود خوبیاں سموئے تازے پھل کے چند دانے روزانہ نوش جاں کریں یاپھر تازی وخوبانیوں سے مزے مزے کی ڈشز تیار کرکے منفردو مزیدار ذائقے کے حامل اس ننھے منے پھل کے بڑے بڑے صحت بخش فوائد سے مستفیدہوں۔